پاشکا کا دوسرا اتوار (الٰہی رحم کا اتوار)
فادر یونس شہزاد او۔پی
تعارف
پاشکا کے دوسرے اتوار کو الہٰی رحم کا اتوار بھی کہا جاتا ہے۔ گذشتہ اتوار ہم نے عیدِپاشکا یعنی یسوع مسیح کے مُردوں میں سے جی اٹھنے کا جشن منایا۔پاشکا کی شام کو ہی یہودیوں کے خوف سے ”بند دروازوں کے پیچھے“ چھپے ہوئے شاگردوں پر یسوع ظاہر ہوا۔ اور انہیں کہا کہ ”تمیں سلامتی حاصل ہو“۔یسوع نے اپنے ہاتھوں اور پسلی کو انہیں دکھایا تاکہ وہ یقین کر لیں کہ میں وہی یسوع ہوں جسے مصلوب کیا گیا تھا۔ شاگرد خداوند کو دیکھ کر خوش ہوئے۔ یسوع رسولوں کو نیا مشن سونپتا، ان پر روح پھونکتا اور گناہ معاف کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ جب یسوع رسولوں پر ظاہر ہوا تو اس وقت توما غیر حاضر تھا۔ رسولوں نے توما کو یسوع کے جی اٹھنے اور ظاہر ہونے کے متعلق قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ توما کے شک کو یقین اور اِیمان میں نہ بدل سکے۔
بے یقینی کی اِس صورت ِحال میں آٹھ روز بعد جب شاگرد دوبارہ اسی جگہ جمع تھے تو یسوع ایک بار پھر ان کے بیچ میں آ کھڑا ہوا اور کہا کہ ”تمہیں سلامتی حاصل ہو“اور توما سے مخاطب ہوکر کہا کہ ”اپنی انگلی پاس لا کر یہاں داخل کر اور میرے ہاتھوں کو دیکھ اور اپنا ہاتھ پاس لا کر اے پسلی میں ڈال اور غیر معتقد نہیں بلکہ معتقد بن“۔ تب توما اِقرار کرتا اور کہتا ہے کہ”تو میرا خداوند اور میرا خدا ہے“۔علم المسیح کے ماہرین کے مطابق توما کا مسیح کو پہچان لینا مسیح کی الوہیت کا اِقرار ہے جو کہ علم المسیح کی معراج ہے۔
ہم توقع کر سکتے ہیں کہ یسوع کے مُردوں میں سے جی اٹھنے کے بعد شاگرد جشن منا رہے ہوں گے۔ لیکن اِس کے برعکس ہم اُنہیں بند دروازوں کے پیچھے دیکھتے ہیں۔ جو یہودیوں کے خوف سے بند تھے۔ انہیں ڈر تھا کہ یہودی راہنما جنہوں نے یسوع کو مصلوب کرنے کی سازش کی اب شاگردں کو بھی گرفتار نہ کر لیں۔ یسوع جو کہ ”بھیڑوں کا دروازہ“ (یوحنا 7:10) ہے۔ بند دروازوں سے بھی نہیں روکا جاسکتا۔ وہ اِن بند دروازوں سے سیدھا اَندر آکر اپنی خوفزدہ بھیڑوں کے درمیان ظاہر ہوتا ہے اور انہیں تسلی دیتا ہے۔
آج کی انجیلِ مقدس میں یسوع تین بار شاگردوں سے مخاطب ہوتا ہے اور یسوع کے الفاظ ہر بار شاگردوں کو نئی طاقت اور حوصلہ اور خوشی دیتے ہیں
”تمہیں سلامتی حاصل ہو جس طرح باپ نے مجھے بھیجا ہے میں بھی اِسی طرح تمہیں بھیجتا ہوں“
”تم روح القدس لو۔ جن کے گناہ تم معاف کرو ان کے معاف کئے گئے ہیں جن کے گناہ تم قائم رکھو۔ ان کے قائم رکھے گئے ہیں “
”اپنی اُنگلی پاس لاکر یہاں داخل کر اور میرے ہاتھوں کو دیکھ اور اپنا ہاتھ پاس لا کر اسے میری پسلی میں ڈال اور غیر معتقد نہیں بلکہ معتقد بن“
پیغام
”ظہورِ مسیح بر رسول“اور ”ظہور ِ مسیح برتوماؔ“
آج کی اِنجیل مقدس یسوع کے دو ظہوروں ”ظہورِ مسیح بر رسول“(یوحنا 23-19:20) اور ”ظہور ِ مسیح برتوماؔ“ (یوحنا 31-24:20) پر مبنی ہے۔ توماؔ اپنے اِقرارِ اِیمان سے اِسے بامِ عروج بخشتا ہے۔جب وہ اِقرار کرتا ہے کہ ”تُو میرا خداوند اور میرا خدا ہے“۔ توما یسوع کی پہچان کے بع اُس کی”اُلوہیت“ کا اِقرار کرتا ہے۔ الٰہی رحم کے اِس اتوار کے موقع پر سب سے خوبصورت پیغام توما کی طرف سے آتا ہے۔ وہ اکیلا غیر حاضر تھا۔ لیکن یسوع کے نزدیک ایک بھی اہم ہے۔ یسوع اس کا انتظار کر رہا تھا۔ یسوع پیچھے رہ جانے والوں کو نظر انداز نہیں کرتا۔
اِستحکام کے ساکرامنٹ میں الہٰی رحم
ماہرینِ الہٰیات کے مطابق شاگردوں پر رُوح پھونکنے سے یسوع ”اِستحکام کے ساکرامنٹ“ اور گناہ معاف کرنے کا اِختیار دینے سے یسوع ”اعتراف کا ساکرامنٹ“ مقرر کرتا ہے۔ جو خُدا کے الہیٰ رحم کا مظہر اور وسیلہ ہے۔ یسوع شاگردوں کو گناہ معاف کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ پاک کاتھولک کلیسیاء یسوع کے اِحکامات پر غور کرتے ہوئے سال میں کم از کم ایک دفعہ اعتراف کے ساکرامنٹ کو مومنین کے لئے ضروری قرار دیتی ہے تاکہ خُدا کے الہیٰ رحم کو حاصل کیا جائے۔
الٰہی رحم کے اتوارکا تاریخی پس منظر
اَلٰہی رحم کےاتوار کو جسے پوپ مقدس جان پال دوم نے 2000ء میں مقدسہ فوستینا کی عید کے موقع پر مقرر کیا۔ ”مقدسہ فوستینا کوالسکا آف دی بلیسڈ ساکرامنٹ“، 25اگست 1905میں پولینڈ کے ایک کاتھولک گھرانے میں پیدا ہوئی اور 5 اکتوبر 1938میں وفات پا گئی۔ وہ ایک کنواری دوشیزہ اور عارفہ تھی۔ جس نے یسوع کے 386 ظہور دیکھے اور کاتھولک کلیسیا میں الہٰی رحم کی عقیدت کا آغاز کروایا۔ اُس نے جو ظہور دیکھے۔ اُنہیں اپنی ڈائری میں قلم بند کر لیا کرتی اور اپنے روحانی راہنما کو بتایا کرتی تھیں۔ اس کی ڈائری میں نوٹ کی گئی تحریروں کو یکجا کر کے ڈیوائن مرسی اِن مائی سول کے نام سے کتاب شائع کی گئی ہے۔
یسوع الہٰی رحم کا بادشاہ
مقدسہ فوستینا اپنی رویاؤں میں یسوع کو الہٰی رحم کے بادشاہ کے رُوپ میں دیکھا کرتی تھی۔ جس نے سفید لباس پہن رکھا ہوتا تھا۔ اور اُس کے دِل کے قریب سے سفید اور سُرخ رنگ کی روشنی کی کرنیں نکل رہی ہوتی تھیں جو اس کے چھِدے ہوئے دل سے رحم کے چشموں کے بہنے کی علامت تھیں، اور یسوع اپنے دائیں ہاتھ سے برکت دے رہا ہوتا تھا۔
یسوع کے الٰہی رحم کی تصویر
مقدسہ فوستینا نے اپنے روحانی راہنما کاہن کی مدد سے ایک آرٹسٹ کو بلایا اور اسے یہ کام سونپا کہ وہ یسوع کی اِس تصویر کو جو وہ رویا میں دیکھتی رہی تھی اِسے کاغذ پر بنائے۔آرٹسٹ نے ہوبہو ویسی ہی تصویر بنا دی جو یسوع نے فوستینا کو رویا میں دی تھی۔ مقدسہ فوستینا نے الٰہی رحم سے بھر پور اِس تصویر کی تعظیم شروع کی جو آہستہ آہستی پھیل گئی۔ ہم کئی گرجا گھروں اور خاندانوں میں اِس تصویر کو دیکھتے ہیں۔ جس کے نیچے اور ”نوینہ کی دُعا“ لکھی ہوئی ہوتی ہے۔ یہ دُعا سہ پہر تین بجے پڑھی جاتی ہے۔ جوکہ صلیب پر یسوع کی موت کا وقت تھا۔
خون اور پانی، بپتسمہ اور یوخرست کی علامت
یوحنا کی انجیل میں مرقوم ہے کہ ”سپاہیوں میں سے ایک نے بالے سے اُس کی پسلی چھیدی اور فی الفور خون اور پانی بہہ نکلا“ (یوحنا 34:19)۔ یہ خون اور پانی، بپتسمہ اور یوخرست کی علامت ہے۔ فوستینا نے دو شعاعوں کی صورت میں یسوع کے پہلو سے بہتا ہوا خون اور پانی دیکھا۔ جو کہ خُدا کے الٰہی رحم کا چشمہ ہے۔
نوینہ کی دعا میں یسوع کے چار وعدے
نوینہ کی دعا کے ساتھ ساتھ یسوع نے فوستینا سے چار وعدے بھی کئے۔ (1)۔ یسوع پر بھروسہ رکھیں (2)۔اتوار کے دن پاک ماس میں شامل ہوں اور پاک شراکت لیں۔ (3)۔اپنے گھروں میں الٰہی رحم کی تصورکو آویزں کریں۔ (4)۔اپنی نیک گفتار اور نیک اعمال سے دوسروں پر خصوصاً گنہگاروں پر رحم کریں۔
توماؔ کا ایمانی لحاظ سے جی اُٹھنا
آج کی انجیلِ مقدس میں ہم یسوع کے شاگرد توماؔ کے ایمانی لحاظ سے جی اٹھنے کے گواہ ہیں۔ اس کے شاگرد توماؔ کا ایمانی لحاظ سے جی اُٹھنا خُدا کے وفادارانہ اور صبر کرنے والے رحم سے شروع ہوتا ہے۔ جب ہم گرِتے ہیں تو خُدا ہمیں اُوپر اُٹھانے سے کبھی بھی نہیں تھکتا۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اُسے باپ کے طور پر دیکھیں جو ہمیشہ ہماری فکر کرتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اِس کے رحم کے بغیر ہم زمین پر گرِے رہیں گے۔ توما اس وقت ایمانی لحاظ سے مُردہ ہو چکا تھا، جسمانی لحاظ سے کمزور ہو چکا تھا اور ذہنی طور پر شک و شبہات میں پڑ گیاتھا۔ توما اس وقت ایک گہری کشمکش میں تھا۔ یسوع کو اس پر رحم آیا اور اس نے اُسے اپنی پہچان کروائی۔ توما یسوع کو پہچان کر ایمان کا اقرار کر کے دوسرے شاگردوں پر سبقت لے گیا۔ وہ ایمانی طور پر جی اُٹھا اور خُدا کی بے پناہ محبت پر یقین رکھتے ہوئے سب شاگردوں سے پہلے اپنے ایمان کا اقرار کرتا ہے کہ”تو میرا خُداوند اور میرا خُدا ہے“۔
توما کی ثابت قدمی اور وفاداری
یوحنا کی انجیل میں لعزر کی وفات کے موقع پر جب یسوع جلیل سے لعزر کے گھر جانے لگا جو یہودیہ میں تھا۔ تو توما نے جو”توام“ کہلاتا ہے اپنے ساتھی شاگردوں سے کہا کہ”آؤ ہم بھی چلیں تاکہ اُس کے ساتھ مریں“ (یوحنا 16:11)۔ اِس واقعہ سے ہم جانتے ہیں کہ وہ اپنے اُستاد کی خاطر موت سے بھی نہیں ڈرتا۔ وہ مخلصانہ طور پر اپنے اُستاد کا گرویدہ تھا۔
مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے دن یسوع اپنے شاگردوں پر ظاہر ہوا تو توما اِس واقعہ کے دن رسولوں کے گروہ کے ساتھ موجود نہیں تھا۔ہمیں یہ معلوم نہیں کہ وہ کیوں غیر حاضر تھا؟۔ لیکن جب شاگردوں نے بتایا کہ اُنہوں نے خُداوند کو دیکھا ہے تو اُس نے جواب دیا ”جب تک میں اُس کے ہاتھوں میں میخوں کے چھید نہ دیکھ لوں اور میخوں کی جگہ اپنی انگلی نہ ڈال لوں اور اپنے ہاتھ کو اُس کی پسلی میں نہ ڈال لوں ہرگز یقین نہ کروں گا“ (یوحنا 25:20)۔ اِس مطالبہ کی وجہ سے اُسے ”شکی“ کا خطاب ملا۔
توما شکی مگر دعُا گو
صعود المسیح کے بعد بھی توما شاگردوں اور چند عورتوں، یسوع کی ماں مریم اور اُس کے بھائیوں کے ساتھ دُعا میں مشغول (اعمال13:1) دیکھا جاسکتا ہے۔ اُس کی عادت جستجو کرنے والی تھی جس نے اُسے جرات کے ساتھ یسوع سے سوال پوچھنے پر آمادہ کیا”اے خُداوند ہم نہیں جانتے کہ تو کہاں جاتا ہے تو ہم وہ راہ کیونکہ جانیں؟ یسوع توما کو قابل ذکر الفاظ میں جواب دیتا ہے کہ راہ، حق اور زندگی میں ہوں۔ کوئی میرے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں آتا“ (یوحنا 6-5:14)۔
تحقیق پسند توما
جب توما نے کہا کہ اُس کے یقین کرنے کے لئے ثبوت کی ضرورت ہے تو وہ پوری ایمانداری سے کہہ رہا تھا۔ اُس میں ”بھیڑ چال“نہیں تھی اور نہ ہی وہ ”لائی لگ“ تھا۔ سچا ایمان، صحیح تحقیق سے منع نہیں کرتا۔ پوپ لئیو تیرھویں نے اپنی ایک پاپائی دستاویز ”ایمان اور توجیہہ“ میں ایمان اور سبب کے تعلق کو بیان کیا ہے اور اسے دو پَروں سے تشبیہ دی ہے۔ توما ؔ اگرچہ سب کے لئے ایک مثال بن گیا لیکن بہت سے ذہنیوں میں اُٹھنے والے سوالوں کا جواب بھی بن گیا۔
دعوتِ عمل
توما کی زندگی سے ہمیں اس کے اقرارِ مسیح کا سب سے بڑا نمونہ ملتا ہے۔ توما کا تجربہ یسوع کی پہچان کے حوالے سے سب سے طاقتور اعتراف ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کوئی شاگرد یسوع کو براہِ راست خُدا کہتا ہے۔ توما براہِ راست خُدا کو نہیں دیکھ سکتا تھا۔ لیکن اِس تجربے نے توما کو یقین دلایا کہ یسوع کی موجودگی دراصل خُدا ہی کی موجودگی ہے۔ انجیلِ مقدس میں توماؔ ایمان کے اِس مقام تک پہنچنے میں مددفراہم کرتا ہے جس کے ذریعے ہم بغیر دیکھے ایمان رکھتے ہیں کہ یسوع خُدا کا بیٹا ہے اور ہم اُس پر ایمان لاکر زندگی پاتے ہیں۔ خُدا ہمارے ایمان کو بڑھائے اور ہمیں یسوع کا دیدار نصیب فرمائے تاکہ انجیل کی خوشخبری اور منادی کے لئے ہم پہلے سے زیادہ گرمجوشی کے ساتھ متحرک ہو کر انجیل کے مبشر ٹھہریں۔